واشنگٹن(نیوزڈیسک)ایران پرسے عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد دنیا کے بیشر ممالک ایرانی منڈیوں میں سرمایہ کاری کیلئے میدان میں آگئے۔فرانس گاڑیوں او ر طیاروں کی صنعت میں پیش پیش ہے تو روس کی جانب سے اسلحہ جیسی ڈیلز سامنے آ تی رہی ہیں۔ایسے میں کل کا دشمن آج دوست نظر آ رہا ہے۔اور اب ایک دوسرے کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے ایران اور امریکہ کئی سالوں بعد باہمی تجارت کریں گے۔امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ جوہری ڈیل کے نتیجے میں امریکا ایران سے 32 ٹن بھاری پانی خریدے گا۔ یہ ڈیل ایرانی جوہری سرگرمیوں میں کمی پیدا کرنے کے لیے کی گئی تھی۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جان کیربی کے مطابق امریکی صنعت کو اِس بھاری پانی کی فراہمی سے راحت میسر آئے گی۔ دوسری جانب جمعے کوامریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے بھاری پانی کی فروخت کے معاملے کی تفصیلات طے کر نے کیلئے حکمت عملی وضع کی۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ وضاحت نہیں دی کہ بھاری پانی کے عوض ایران کو کتنا سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

























