کوالالمپور (نیوزڈیسک)ملائیشیا کی حکومت نے افریقی ممالک سے اسمگل کئے گئے 20 ملین ڈالر مالیت کے 9.5 ٹن ہاتھی کے دانت تلف کرنے کے بعد نذرآتش کردیئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے وزیر برائے قدرتی وسائل وماحولیات’وان جونیدی توانکوجعفر‘ نے کہا ہے کہ یہ ملک میں ہاتھی کے سمگل شدہ دانتوں کوتلف کرنے کا پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک افریقی ملک سے تعلق رکھنے والے سمگلروں کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہاتھی کے گراں قیمت دانت ضبط کئے تھے جنہیں کریشن مشین میں پیس کر آگ لگا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ حکومت مملکت کی حدود میں اس نوعیت کی کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی اجازت دےگی نہ ہی ہاتھی جیسے جانور کو نقصان پہنچانے میں ملوث مافیا کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھی مشترکہ قدرتی وسائل کاحصہ ہیںچاہے وہ افریقی ممالک میں ہی کیوں نہ ہوں ۔