واشنگٹن/گمبیلا(نیوزڈیسک) ایتھوپیا کی مغربی سرحد کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 160 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے،حملے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تاہم متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،حملہ آور متعدد بچوں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ بھی لے گئے ، اس دوران فورسز کی جوابی کارروائی میں 60 حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایتھوپیا کی مغربی سرحد کے قریب گیمبیلا ریجن کے علاقے جاکاوا میں مسلح افراد نے اچانک دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 160 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ حملے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تاہم متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایتھوپیا کے وزیر برائے کمیونیکیشن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی سوڈان کے مرلی قبائل سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم فورسز کی جوابی کارروائی میں 60 حملہ آور بھی ہلاک ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور متعدد بچوں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ بھی لے گئے ،انہوں نے دھمکی دی کہ حملہ آوروں کے تعاقب میں ایتھوپین فورسز جنوبی سوڈان میں بھی داخل ہو سکتی ہیں۔اس حوالے سے ایتھوپیا میں تعینات سابق امریکی سفیر ڈیوڈ شن نے کہاکہ جنوبی سوڈان کے ساتھ واقع گمبیلا ریجن میں لسانی فسادات کی تاریخ بہت پرانی ہے اور اس سرحدی پٹی پر دونوں جانب مختلف تحریکیں معمول کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی سوڈان میں فسادات کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ ایتھوپیا کی طرف ہجرت کرتے ہیں جب کہ باغی گروپ بھی گمبیلا کی جانب ہجرت کر سکتے ہیں۔ اس علاقے میں اکثر و بیشتر خونریز لڑائیوں کا ہونا بھی کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔