استنبول(نیوزڈیسک)امریکا نے ترکی میں دہشت گردی کے متوقع حملوں کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ملک کے سیاحتی مقامات بالخصوص استنبول اور جنوب مشرقی ساحلی سیاحتی شہر انطالیہ کے سفر سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔امریکا کی جانب سے اپنے شہریوں کو ترکی کے اہم سیاحتی مقامات کے سفر سے محتاط رہنے کی ہدایت ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری طرف ترکی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ رواں سال استنبول سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے چار بڑے واقعات میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔ان میں سے دو حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم دولت اسلامی”داعش“ نے قبول کی تھی۔ترکی میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک انتباہی بیان میں امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیاحتی علاقوں بالخصوص استنبول اور انطالیہ کے سفر میں انتہائی درجے کے احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ترکی میں موجود امریکیوں کو ای میل کے ذریعے متنبہ کیا گیا ہے کہ ترکی میں اتوار کے روز تعطیل کے موقع پر کسی بھی خوش گوار واقعے کے خطرے پیش نظر امریکی شہری خود کو محفوظ رکھیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ترکی میں پبلک مقامات بالخصوص استنبول اور انطالیہ میں دہشت گردی کی دھمکیوں کے بعد امریکی بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔خیال رہے کہ پچھلے ماہ استنبول کے ایک مصروف بازار میں ہونے والے دھماکے میں تین اسرائیلیوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ جنوری میں استنبول میں ہونے والی دہشت گردی میں 12 جرمن سیاحوں سمیت کئی افراد مارے گئے تھے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق اور شام میں دولت اسلامی ’داعش‘ کے گرد گھیرا تنگ ہونے کے بعد شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے ترکی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی دھمکی دی گئی ہے۔ داعش کے علاوہ ترکی اپنے ہاں ہونے والی دہشت گردی کا الزام علاحدگی پسند کردوں پر بھی عائد کرتا ہے۔