برسلز(این این آئی) بلجیم کی پولیس نے گزشتہ برس نومبر میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس اور پھر گزشتہ ماہ برسلز میں کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے مرکزی مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق استغاثہ کے مطابق بلجیم کے شہری محمد عبرینی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ پیرس میں تیرہ نومبر کو کیے گئے حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ اس بارے میں تفتیش جاری ہے کہ آیا برسلز میں ہونے والے حملوں کی ویڈیو میں جو شخص ٹوپی پہنے نظر آتا ہے، وہ اکتیس سالہ عبرینی ہی ہے۔ اسے جمعہ کے روز برسلز کے ملن بیک نامی علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے ایک اور شخص کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جس کا نام اسامہ کے بتایا گیا ہے۔ اس پر شبہ ہے کہ وہ برسلز حملوں سے قبل ایک حملہ آور سے ملا تھا اور اسے نے شدت پسندوں کو کچھ اشیا فراہم کی تھیں۔