لندن(این این آئی)برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون لندن کے میئر کے الیکشن کے لیے اپنی جماعت کے امیدوارزیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم میں شامل ہوگئے،کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ زیک گولڈ اسمتھ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کے بھائی ہیں،تازہ انتخابی جائزوں کے مطابق لیبر پارٹی کے پاکستانی نژادامیدوارصادق خان امیدواروں کی دوڑ میں 32فیصد حمایت کے ساتھ پہلے جبکہ زیک گولڈ اسمتھ 25فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،جبکہ پاکستان کے بھٹوخاندان سے قریبی روابط رکھنے والے ریسپیکٹ پارٹی کے امیدوارجارج گیلووے کو اب تک صرف ایک فیصد حمایت حاصل ہوسکی ہے،برطانوی میڈیا کے مطابق عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان اوران کے بڑے بیٹے سلیمان عیسی خان زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ہفتہ کو اپنے تازہ ٹویٹ میں بتایا کہ وہ زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم میں شرکت کرکے خوشی محسوس کررہے ہیں۔