تاشقرغان /اسلام آباد(این این آئی) لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چین کے علاقے تاشقرغان میں 45 پاکستانی پھنس گئے ٗ دس روز سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے ویزوں کی مدت ختم ہونے لگی ۔ اطلاعات کے مطابق چین جانے والے پینتالیس پاکستانی سنکیانگ سے وطن لوٹتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دس روز سے تاشقرغان میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ مشکل سے دوچار ان پاکستانیوں کو شکوہ ہے کہ برفانی علاقے میں دس روز گزر گئے تاہم پاکستانی سفارتخانے نے رابطے کے باوجود کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اب تو ویزے کی مدت بھی ختم ہو رہی ہے ۔ چینی علاقے میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو وطن لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔ادھر دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے چینی حکومت سے رابطے میں ہیں تاہم کاشغر میں پھنسے تمام افراد محفوظ ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی شہری خراب موسم کی وجہ سے چین میں پھنس گئے ہیں اور بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے یہ صورت حال پیش آئی ہے تاہم ہماری ایمبیسی چینی حکومت سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام پاکستانیوں کو باحفاظت پاکستان لایا جائے گا۔











































