پیانگ یانگ /واشنگٹن(این این آئی)شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے لیے ڈیزائن کیے گئے ایک انجن کا کامیاب تجربہ کرلیا شمالی کوریا کے میڈیا کے مطابق یہ نئے قسم کا ایسا انجن ہے جو امریکہ پر بھی ایٹمی حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق تجربے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان بھی موجود تھے۔ ملک کے رہنما کم جانگ نے کہا کہ اب ملک سرزمین امریکہ سمیت دنیا کے کسی بھی بری بدرو تک حملہ کرنے کی صلاحیت سے لیس ہوگیا ہے۔ادھر امریکہ میں وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے اس کے رد عمل میں کہاکہ شمالی کوریا کو ایسی حرکتوں سے باز رہنا چاہیے جس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو اور اسے اس کے بجائے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کر سکے۔مارچ میں بھی شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اس طرح کے چھوٹے جوہری ہتھیار تیار کیے ہیں جو بیلسٹک میزائل کے ذریعے داغے جا سکتے ہیں۔