نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارت کی ایک عدالت نے 2002 اور 2003 میں ممبئی میں ہونے والے بم حملوں میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دیتے ہوئے تین افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ بقیہ سات مجرموں کو دو سے لیکر دس سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں، ان خونریز حملوں میں تیرہ افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تیرہ برس تک جاری رہنے والے اس طویل مقدمے میں اہم مجرم مزمل انصاری کو بھی سزا سنائی گئی ہے۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے ان بموں کو نصب کیا تھا۔ عدالتی جج پی آر دیش مکھ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیرہ برس تک جاری رہنے والے مقدمے کے فیصلے پر چند افراد ناخوش ہوں گے اور بعض کو خوشی ہو گی لیکن عدالت نے دیانتداری سے اپنی کارروائی مکمل کی ہے۔سزا پانے والوں میں مزمل انصاری پیشے کے اعتبار سے انجینیئر ہیں اور اْن پر بموں کی تنصیب کا الزام استغاثہ نے ثابت کیا ہے۔عدالتی کارروائی کے بعد جج پی آر دیش مکھ نے مجرموں کے لیے سزاؤں کا اعلان کیا۔ تین کو عمر قید دی گئی اور بقیہ سات مجرموں کو دو سے لیکر دس سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔