یارک شائر (نیوز ڈیسک) یارک شائر میں واقع 43 گھروں اور ایک محل پر مشتمل ایک گاؤں صرف 2 کروڑ پاؤنڈ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ گاؤں 150 برس سے یہاں مقیم خاندانوں کے ساتھ فروخت کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ‘‘ویسٹ ہیسلر ٹن’’ نامی اس گاؤں کی خریداری میں یارک شائر سمیت شمالی یورپ اور مشرق وسطیٰ کے امیر ترین افراد بھی دلچسپی لے رہے ہیں تاہم گاؤں کے مکینوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ اب ان کا کرایہ بڑھ جائے گا جو گزشتہ مالک نے جان بوجھ کر کم مقرر کیا تھا۔ مذکورہ گاؤں کی فروخت کے لیے کوشش کرنے والی سٹیٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر ٹام واٹسن کا کہنا ہے کہ اس گاؤں میں وقت اب تک رکا ہوا ہے۔میرا خیال ہے کہ اسے کوئی کاروباری شخص خریدے گا جو کرایوں میں اضافہ کر دے گا یا پھر ایسا مال دار شخص جو 150 برس قبل مقرر کردہ کرائے پر کرائے داروں کو رکھ سکے۔ اخبار کے مطابق مذکورہ گاؤں میں 21 کمروں پر مشتمل ایک محل بھی موجود ہے اس کے علاوہ ایک عدد فلنگ سٹیشن، کھیل کا میدان اور 2116 ایکڑ پر مشتمل زرعی اراضی بھی یہاں موجود ہے۔