الجزائرسٹی(نیوز ڈیسک) شمالی افریقی عرب ریاست الجزائر نے یمنی تنازعے میں سعودی عسکری اتحاد کی حمایت سے انکار کر دیا ۔ اس سلسلے میں الجزائر کے صدر نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کے نام پیغام میں اپنے ملک کی فوجی عدم مداخلت کی پالیسی کا حوالہ دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی افریقہ کی اس مسلم ریاست نے سعودی عرب کے نام ایک پیغام میں ایک بار پھر ہر طرح کی غیر ملکی فوجی مداخلت کے خلاف اپنی قومی پالیسی کا دفاع کیا ۔اس وقت الجزائر اور ریاض حکومتوں کے باہمی تعلقات میں دو بڑے موضوعات کے باعث کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ان میں سے ایک تو یمن کا خونریز تنازعہ ہے اور دوسرا متعدد خلیجی ریاستوں کی طرف سے لبنان میں ایران نواز شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا متنازعہ فیصلہ۔ الجزائر کے صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے سعودی بادشاہ سلمان کے نام اپنے پیغام میں زور دے کر کہا کہ ’عدم مداخلت الجزائر کے لیے ایک اصول ہے اور نہ کہ، جیسا کہ بظاہر لگ سکتا ہے، کوئی ایسا موقف جس کا مقصد ساتھی عرب ملکوں کی مخالفت ہو‘۔صدر بوتفلیقہ نے اپنا یہ پیغام سعودی فرمانروا تک پہنچانے کی ذمے داری اپنے مشیر طیب بلعیز کو سونپی ، اور ساتھ ہی انہیں یہ ہدایت بھی کی گئی کہ وہ ملکی صدر کی طرف سے سعودی عرب کے شاہ سلمان کو الجزائر کے دورے کی دعوت بھی دیں۔