کولکتہ(نیوز ڈیسک ) بھارتی شہر کولکتہ میں واقع گنیش پارک کے علاقے بڑابازار میں زیر تعمیر فلائی اوور گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق بڑا بازار میں زیر تعمیر فلائی اوور گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 150 افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو بچانے کیلئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ حادثے میں متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے فلائی اوور کے ایک حصے پر کل کنکریٹ ڈالا گیا تھا جس کے گر نے سے حادثہ پیش آیا ہے۔ تاہم ملبے تلے متعدد کاریں، ٹرک اورموٹرسائیکلیں بھی دب کر تباہ ہو گئی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ فلائی اوور پچھلے پانچ سال سے زیر تعمیر ہے اور انتہائی گنجان آباد علاقے میں بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ فلائی اوور کو خلاف قانون تعمیر کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور لوگوں کے گھروں کی کھڑکیوں کو چھو رہا تھا اور کسی آبادی والے علاقے میں فلائی اوور تعمیر کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔