برلن(نیوز ڈیسک)جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے کہاہے کہ وہ ایک ایسے نئے قانون پر کام کر رہے ہیں جس کے مطابق جرمن زبان نہ سیکھنے اور سماجی انضمام نہ کرنے والے مہاجرین جرمنی میں نہیں رہ سکیں گے،قانون جلد نافذکردیاجائیگا۔ایک مقامی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویومیں وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر کا کہناتھا کہ وہ ملک میں ایک نیا قانون متعارف کروانا چاہ رہے ہیں۔ اس قانون کے مطابق جرمنی میں نئے آنے والے تارکین وطن کے لیے جرمن زبان سیکھنے کے علاوہ سماجی انضمام بھی لازمی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جرمنی کو امید ہے کہ ملک میں نئے آنے والے تارکین وطن رہائش، سماجی سہولیات اور زبان سیکھانے کی کلاسوں کے بدلے میں خود بھی جرمن معاشرے میں ضم ہونے کی کوشش کریں گے۔ڈے میزیئر کا کہنا تھاکہ جو لوگ جرمن زبان سیکھنے سے انکار کریں گے، یا خاص طور پر خاندان کی عورتوں اور لڑکیوں سمیت اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو جرمن معاشرے میں ضم ہونے سے روکیں گے یا پھر نوکری کرنے سے انکار کریں گے، ان لوگوں کو جرمنی میں لامحدود مدت کیلئے رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔