جنیوا(نیوزڈیسک)اقوام متحدہ میں متعیّن شامی سفیر اور جنیوا امن بات چیت میں اسد حکومت کے اعلیٰ مذاکرات کار بشارالجعفری نے کہا ہے کہ شام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی اتحاد کا حصہ بننے کو تیار ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا دمشق کے ساتھ مل کر کام کرے کیونکہ اس نے اب تک ایسا نہیں کیا ہے۔بشار الجعفری نے لبنان کے ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد شام میں کامیاب نہیں ہوا ہے کیونکہ اس نے رجیم کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔انھوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بین الاقوامی اتحاد بنانے والے ہیں لیکن ایسا شامی حکومت کے ساتھ رابطے کے ذریعے ہوگا۔اگر امریکا شام کے ساتھ رابطے میں رہ کر کام کرتا ہے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔