سکاٹ لینڈ(نیوزڈیسک)ممتازقادری کو پھانسی،یورپی ملک کی مسجد کے امام کے بیان پر تنازعہ کھڑا ہوگیا،برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مولانا حبیب الرحمان گلاسگو کی مرکزی مسجد کے امام ہیں اور انہوں نے گزشتہ دنوں چیٹنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ایک گروپ میں ممتاز قادری کی پھانسی کے متعلق پیغامات پوسٹ کیے۔ انہوں نے اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ ”میں ممتاز قادری کی پھانسی پر بہت پریشان اور بے قرار ہوں۔“ دوسرے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ”آج میں اپنی تکلیف نہیں چھپا سکتا۔پوری قوم اجتماعی طور پر جو کام کرنا چاہتی تھی لیکن نہ کر سکی، وہ ممتاز قادری نے کر دیا، جس کی اب انہیں سزا دے دی گئی ہے۔“جب برطانوی نشریاتی ادارے نے ان پیغامات پر موقف جاننے کے لیے مولانا حبیب الرحمان سے رابطہ کیا تو ان کے غیر متوقع جواب نے میڈیا کو بھی حیران کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو تناظر سے ہٹ کر دیکھا جا رہا ہے، وہ تو دراصل پھانسی کی سزا کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کر رہے تھے۔مولانا کے بیانات پر سکاٹ لینڈ میں نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے اور کمیونٹی میں سے متعدد افراد نے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ مولانا اپنے موقف پر قائم ہیں انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ہرگز کسی کی دل آزاری نہ تھا بلکہ ان کے کہنے کا مطلب صرف یہ تھا کہ قانون پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔