جلال آباد(نیوز ڈیسک) جنگ زدہ ملک افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار کے صدر مقام جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے ملک کے چیف جسٹس سیدیوسف حلیم کے والد کو اغوا کر لیا ۔ افغان میڈیا نے صوبائی گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے گزشتہ ہفتے چیف جسٹس کے90سالہ والد سید حسن کو اغوا کر لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سید حسن کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنے گھر سے نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد جارہے تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق چیف جسٹس جلال آباد کے ضلع رودات کے رہائشی ہیں جب کہ وفاقی دارالحکومت کابل میں بھی 2مکان ان کی ملکیت ہیں۔ واقعے کے عینی شاہد سید عنایت پسون نے افغان خبر رساں ادارے پاجوک کو بتایا کہ چیف جسٹس کے والد کو ان کے سامنے مقامی فروٹ مارکیٹ سے اغوا کیا گیا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں