برسلز( نیوز ڈیسک) برسلز دھماکوں کی یادگار پر جمع ہونےوالے سینکڑوں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوگیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں دھماکوں کی یادگار پر سینکڑوں افراد جمع ہوئے جنہیں ہٹانے کےلئے پولیس نے ان سے بات چیت کی تاہم بات نہ بننے پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوگیا جس کے بعد نوبت آنسو گیس کی شیلنگ تک جا پہنچی۔ مظاہرین میں بچوں اور خواتین سمیت مردوں کی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ مظاہرین جنگجو تنظیم داعش کےخلاف بینر اٹھائے نازی ازم کے نعرے بلند کر رہے ہیں جس پر پولیس مشتعل ہوگئی جبکہ تصادم کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی اور 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔پولیس کمشنر ڈی کوننک کے مطابق مختلف فٹبال کلب کے تقریباً 340 غنڈے برسلز دھماکوں کی یادگار پر جمع ہوئے جنہوں نے لوگوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی اور ہم ان سے واقف ہیں تاہم اس موقع پر آپریشن کرنا انتہائی مشکل تھا کیونکہ دھماکوں کی یادگار پر کئی فیملیز کے ساتھ بچے بھی تھے۔