وارسا(نیوز ڈیسک) پولینڈ کی وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ بائیس مارچ کے روز برسلز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں اب ان کی حکومت یورپی یونین کی طے شدہ اسکیم کے تحت مہاجرین کو پناہ فراہم نہیں کر سکتی۔مقامی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم بےآٹا شڈوو نے کہاکہ جو کچھ برسلز میں ہوا، اس کے بعد ہمارے لیے یہ کہنا ممکن نہیں کہ ہم مہاجرین کو پناہ دے سکتے ہیں۔ ہمیں سب سے پہلے اپنے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ بات چیت کے دوران انہوں نے یورپ پر زور دیا کہ صرف اپنی زندگیاں بہتر بنانے کے مقصد سے یورپ پہنچنے والے ہزاروں مہاجرین کو یہاں پناہ نہ دی جائے۔ وزیر اعظم کے بقول مہاجرین کی صفوں میں دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ بےآٹا شڈوو نے پناہ گزینوں کو پولینڈ میں جگہ نہ دینے کے فیصلے کا دفاع کیا ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارا طریقہ کا کافی محتاط ہے جس سبب ہمیں یورپی یونین میں کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے۔ اس موقع پر پولینڈ کی خاتون وزیر اعظم نے اٹھائیس رکنی یورپی بلاک پر تنقید بھی کی کہ بلاک نے کافی جلد بازی میں مہاجرین کو پناہ دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا، یہ بے فکری ان مسائل کی جڑ ہے، جن کا آج ہمیں سامنا ہے۔ شڈوو نے مزید کہا کہ برسلز اور اس سے قبل پیرس میں حملوں سے یورپی یونین کچھ سیکھ نہیں رہی ہے۔