دمشق(نیوز ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے کہاہے کہ صدر بشارالاسد کے ماتحت فوج شدت پسند تنظیم دولت اسلامی”داعش“ کے زیرقبضہ تاریخی شہر تدمر کے قریب پہنچ گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے ”آبزرویٹری“ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ روسی فوج کی بمباری کے نتیجے میں شامی فوج کو ایک بار پھر تدمر پر قبضہ کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ شامی فوج تدمر شہر کے جنوب کی جانب سے دو کلو میٹر جب کہ مغرب کی سمت سے پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور وہ تیزی کے ساتھ شہر کی جانب پیش قدمی کررہی ہے۔خیال رہے کہ شدت پسند گروپ داعش نے گذشتہ برس تدمر شہرمیں لڑائی کے دوران شامی فوج کووہاں سے نکال کرشہر پرقبضہ کرلیا تھا۔داعش کی جانب سے شہر کے تاریخی آثار کو بری طرح نقصان بھی پہنچایا جا چکا ہے۔