برسلز(نیوز ڈیسک) بیلجئیم کے پراسیکیوٹر جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے دارالحکومت برسلز میں تلاشی کی کارروائیوں میں مختلف مقامات سے کیمیائی مواد اور دیگر اسلحہ برآمد کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پراسیکیوٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ روز برسلز میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے بعد پولیس نے مشکوک مقامات پر چھاپے مارے جہاں سے بارودی مواد اور شدت پسند گروپ داعش کا پرچم بھی ملا ہے۔بیلجیم کے مقامی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چھاپوں کے دوران پولیس کو اسکار بیک کے مقام سے ایک بم اور داعش کا پرچم بھی ملا ہے۔قبل ازیں بیلجئیم کے وزیراعظم شارل میچل نے کہا تھا کہ پولیس کو مشتبہ مقامات پر چھاپے مارنے اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے تلاشی کی تازہ کارروائیاں اس وقت کی گئیں جب برسلز کا ایک ہوائی اڈہ اور میٹرو اسٹیشن دھماکوں سے لرز اٹھے تھے جن میں تیس سے زاید افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔