نیویارک(نیوز ڈیسک)امریکی کمپنی اسٹاروڈ کیوبا میں 1959 کے انقلاب بعد کیوبن حکام کے ساتھ معاہدہ کرنے والی پہلی امریکی کمپنی بن گئی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق اسٹار وڈ ہوانا میں تین ہوٹلوں کی تجدید اور انھیں چلانے کا کام کرے گی۔کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی ’ہوٹلوں کو اپنے معیار تک پہنچانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔خیال رہے کہ ان دنوں صدر بارک اوباما کیوبا کا دورہ کر رہے ہیں۔یہ کسی بھی امریکی صدر کا تقریباً 90 برسوں میں کیوبا کا پہلا دورہ ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک تعلقات کو معمول پر لانے کے فیصلے کے بعد کہاں پہنچ چکے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اس دورے اور معاشی اقدامات سے دونوں ممالک یہ امید کر رہے ہیں کہ ان کے یہ تعلقات جلد ہی ایسے راستے پر ہوں گے جو پیچھے کی طرف نہیں جاتے۔کیوبا میں سیاحت ابھی تک کی اپنی سب سے بلند سطح پر ہے اور صدر اوباما کی جانب سے کیوبا کے سفر پر پابندی ہٹائے جانے کے بعد سے امریکی سیاحوں کی آمد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔