واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی محکمہ دفاع ’’ پینٹاگون‘‘ نے بتایا ہے کہ شمالی عراق میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ داعش‘‘ کے خلاف لڑائی میں شامل ایک امریکی فوجی ہلاک ہوگیا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں صرف اتنا کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی کی ہلاکت’دشمنانہ‘ کارروائی کے نتیجے میں ہوئی ہے تاہم اس کی شہریت اور ہلاکت کے دیگر اسباب ظاہر نہیں کیے گئے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بہ ظاہر ایسے لگتا ہے کہ امریکی فوجی کی ہلاکت راکٹ حملے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ غیر ملی نیوزنیٹ ورک کے مطابق امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جنوب مشرقی موصل میں 70 کلو میٹر دور مخمور نامی ایک فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں متعدد فوجیوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔واضح رہے کہ عراق میں داعش کے خلاف سرگرم امریکا کی قیادت میں عالمی اتحاد کے آپریشن کے دوران امریکی فوجی کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گذشتہ برس اکتوبر میں بھی شمالی بغداد میں الحویجہ کے مقام پر داعش کے زیرانتظام لمتطر جیل پر حملوں کے دوران جوابی کارروائی میں ایک امریکی فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔ عراق اور شام میں داعش کی سرکوبی کے لیے امریکا کی قیادت میں 60 ممالک پر مشتمل عالمی اتحاد ہے جس میں فرانس سمیت کئی یورپی ملک شامل ہیں۔