نیویارک(نیوز ڈیسک) آئے روز دہشت گردی، دھماکوں اور تخریبی کارروائیوں کے باوجود پاکستان نے دنیا کی خوش اقوام میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا جب کہ اس فہرست میں ڈنمارک کو دنیا کی سب سے زیادہ خوشحال قوم قرار دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل سلوشن نیٹ ورک اور کولمبیا یونیورسٹی کے دی ارتھ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری دنیا بھر کے ممالک کی جائزہ رپورٹ میں ڈنمارک کو دنیا کی سب سے خوش و خرم قوم قرار دیا گیا ہے جب کہ برونڈی کو سب سے کم خوشحال قوم کا درجہ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ برس ڈنمارک اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود تھا جب کہ سوئٹزر لینڈ کو دنیا کا خوش ترین ملک قرار دیا گیا تھا۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری 157 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 92 ہے جب کہ بھارت اس فہرست میں 118ویں نمبر پر ہے۔ دنیا کے خوش ترین ممالک میں سرفہرست دوسرا نمبر سوئٹزرلینڈ کا ہے جب کہ دیگر ممالک میں آئس لینڈ، ناروے، فن لینڈ، کینیڈا، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سوئیڈن شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں امریکا 13 ویں، برطانیہ 23 ویں اور فرانس 32 ویں نمبر پر ہے۔ دنیا کے سب سے کم خوشحال ممالک میں مڈغاسکر، تنزانیہ، لائبیریا، گینیا، روانڈا، بنین، افغانستان، ٹوگو، شام اور برونڈی شامل ہیں۔