بیروت (نیوز ڈیسک)روسی فوج کی شام سے واپسی کے آغاز کے ساتھ ہی شدت پسند عسکری تنظیم النصرہ فرنٹ نے شام میں ایک بڑے حملے کی دھمکی دی ہے۔ فرنٹ کے ایک لیڈر نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ان کے جنگجو اگلے 48 گھنٹے میں شام میں ایک بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔شدت پسند گروپ کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ روسی فوج کی واپسی ماسکو کی شامی باغیوں کے ہاتھوں شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ النصرہ فرنٹ اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران شام میں مزید حملے شروع کر رہی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ کارروائیاں کہاں کی جائیں گی۔النصرہ فرنٹ کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ان کی کامیاب عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں روسی فوج کو شام سے بھاگنا پڑا ہے۔ روس کا فوج واپس بلانے کا اعلان اس کا ثبوت ہے کہ اسد رجیم نے روس کو خوب شرمندہ کیا ہے۔اسدی فوج اپنے زیرکنٹرول علاقوں پر اپنا تسلط برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں رہی۔ روس کے جانے کے بعد بہت سے علاقوں میں نہ سرکاری فوج رہی ہے اور نہ ہی غیر سرکاری ملیشیا موجود ہے۔ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے شدت پسند گروپ کے کمانڈر نے بتایا کہ وہ اس وقت اللاذقیہ شہر میں ہیں جہاں اب ان پر روسی طیارے بمباری نہیں کر رہے ہیں۔