نئی دہلی(این این آئی)پاکستان نے بھارت کو بڑی تباہی سے بچالیا،بھارتی اخبارکے دعوے نے سب کو حیران کردیا،بھارت کی سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فراہم کردہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر دس میں سے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔روزنامہ دی ہندو نے وزارت داخلہ کے ایک اعلی افسر کے حوالے سے بتایا کہ دہشت گردوں کی مبینہ در اندازی سے متعلق پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ کی فراہم کردہ معلومات درست ثابت ہوئیں۔انہوں نے تفصیلات میں جائے بغیر بتایا کہ دس میں سے تین دہشت گردوں سے نمٹا جا چکا ہے۔افسر کے مطابق تصدیق کا عمل جاری ہونے کی وجہ سے حکام تینوں دہشت گردوں سے متعلق مزید معلومات شیئر کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ دہشت گردپچھلے ہفتے مہا شیو راتری جشن سے قبل گجرات کے مشہور سومناتھ مندر پر حملے کا منصوبہ رکھتے تھے ہم نے مزید سات دہشت گردوں کا پتہ چلایا ہے اور ان کا کسی تیسرے ملک سے تعلق ہو سکتا ہے دی ہندو کے مطابق ناصر خان جنجوعہ نے اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت دیول سے معلومات کے تبادلے میں مبینہ طور پر بتایا تھا کہ پاکستان کے دس مبینہ دہشت گردوں سے متعلق اطلاعات ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈین سیکیورٹی ایجنسیوں نے اس خفیہ اطلاع پر کام کرتے ہوئے پتہ چلایا کہ یہ دہشت گرد دہلی پہنچنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔دہلی پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ یہ دہشت گرد بازاروں اور شاپنگ مالز پر حملہ کر سکتے ہیں ¾انڈیا گیٹ، راشراپتی بھون اور ریلوے اسٹیشنز سمیت دہلی کی تمام اہم تنصیبات پر ہائی الرٹ ہے۔