غزہ (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں دو سال قبل اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے نتیجے میں تباہ ہونےوالے مکانات کی تعمیر نوکےلئے 31.8 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ امداد اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے’یو این ڈی پی‘ کے ذریعے خرچ کی جائےگی۔ اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کےلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ’اونروا‘ اور اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ’یو این ڈی پی‘ کے درمیان ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ مفاہمتی یاداشت میں کہا گیا ہے کہ اونروا اور یو این کا ترقیاتی ادارہ مل کر سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ 31.8 ملین ڈالر کی امداد سے غزہ میں جنگ سے تباہ ہونے والے مکانات کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے غزہ کی پٹی میں جنگ سے تباہ ہونے والے 5 ہزار مکانات کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سعودی امداد سے غزہ میں تین سکول بھی تعمیر کیے جائینگے۔