ریاض(نیوزڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہاہے کہ خطے کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشق شمال کی گرج کی اختتامی تقریب میں 20 دوست ممالک کے رہنماﺅں اور نمائندوں کی موجودگی سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ممالک سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعلقات کی مضبوطی کی خواہش رکھتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے یہ بات ریاض کے الیمامہ محل میں کابینہ کے ہفتہ وار سیشن کی صدارت کے موقع پر کی۔شاہ سلمان نے ان ممالک کے نمائندوں اور سربراہان کی موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘شمال کی گرج’ مشق کے نتیجے میں سعودی افواج جنگ کے خطرے کا سامنا کرنے کے لئے ہردم تیار ہیں اور اس مشق سے عرب اور اسلامی ممالک کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے اور فوج کی صفوں میں وحدت لانے میں مدد ملے گی۔اس سیشن کے بعد وزیر ثقافت اور انفارمیشن عادل الطرافی کا کہنا تھا کہ وزراءنے سعودی فرمانروا، ولی عہد اور نائب ولی عہد کو فوجی مشق اور اتحادیوں سمیت سعودی فوج کی پریڈ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔سعودی عرب میں جمعرات کے روز 20 ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کا اختتام ہوا تھا۔ اس مشق کا مقصد خطے میں استحکام کے لئے فوجی حربوں کو یکجا کرنا تھا۔شاہ سلمان اور دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے حفتر الباطن میں ہونے والی اس مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لئے موجود تھے۔کابینہ نے ایک بار پھر کہا کہ جو کوئی بھی حزب اللہ سے تعلق رکھے گا، اس سے ہمدردی رکھےگا، اس کی معاشی مدد کرے گا یا اس کے ممبران کو پناہ دے گا اس کو سخت سزا دی جائے گی۔کابینہ نے سیکیورٹی حکام کی جانب سے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں شامل افراد کی سرکوبی کے لئے سیکیورٹی اہلکاروں کی ان تھک محنت کی تعریف بھی کی۔