لندن(نیوز ڈیسک) برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس ہسپتالوں میں مسلمان خواتین مریضوں کو نئے باوقار گاؤن کی پیشکش کی جا رہی ہے جسے مسلمان خواتین کی شکایات کے بعد اس ہفتے باضابطہ طور پر مریضوں کی نئی پوشاک کے طور متعارف کرایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہسپتال ٹرسٹ کی طرف سے مریضوں کے اس نئے گاؤن کو کثیر العقائد باوقار گاؤن کا نام دیا گیا ہے۔ یہ خاص گاؤن ان خواتین کیلئے ہو گا جو مذہبی وجوہات کی بنا پر ہسپتال میں مریضوں کی روایتی پوشاک پہننا پسند نہیں کرتی ہیں۔ این ایچ ایس کے دو ہسپتالوں رائل بورن ماؤتھ اور کرائسٹ چرچ ہسپتال نے کہا کہ ہسپتالوں کے نئے باوقار گاؤن کو مسلمان خواتین کی شکایات دور کرنے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے تاہم نئی باوقار پوشاک ہندو، آرتھوڈکس، یہودی اور راستافاری مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے بھی موزوں ہو گی۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس باوقار گاؤن کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ طبی عملے کو مریضہ کے علاج یا دیکھ بھال میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔ اس نئی پوشاک میں چہرے کیلئے نقاب بھی شامل ہے۔