ریاض/ واشنگٹن(نیوز ڈیسک )سعودی عرب نے امریکی اتحاد میں داعش کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کردیا،پینٹاگون نے تصدیق کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کْک نے بتایا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ ہفتے امریکی اتحاد کے تحت داعش کے خلاف فضائی کارروائی میں حصہ لیا تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ سعودی طیاروں نے کیا اور کہاں کارروائی کی؟ترجمان کہنا تھا کہ سعودی عرب گزشتہ چند دنوں سے داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے پْرعزم نظر آرہا ہے۔امریکی سیکریٹری دفاع ایش کارٹر نے جنگجوؤ ں کے خلاف جاری فضائی کارروائیوں میں سعودی کردار کی وسعت کی یقین دہانی کو سراہا۔ سعودی عرب نے گزشتہ سال یمن تنازعہ کے بعد اپنے عسکری کردار پر توجہ دی جہاں عرب اتحادکی قیادت کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔یادرہے کہ امریکی اتحاد داعش کے خلاف شام اور عراق میں کارروائیوں میں مصروف ہے۔