اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست وسکونسن میں واقع ایک مینوفیکچرنگ کمپنی میں سات ملازمین کو اس وقت نوکری سے فارغ کر دیا گیا جب انہوں نے نماز کیلئے وقفہ کی بات کی۔ کمپنی کے مطابق وقفے کیلئے مخصوص اوقات مقرر ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوکری سے نکالے جانے والے افراد صومالیہ سے تعلق رکھتے تھے اور یہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا جس کی تصدیق کمپنی نے حال ہی میں کی۔ کمپنی کے قانون و ضوابط کے مطابق مسلمان ملازمین کو دس منٹ کا وقفہ نماز کیلئے دیا جاتا تھا تاہم فارغ کئے جانے والے اہلکار نماز کیلئے کئی وقفے لے رہے تھے۔ سات ملازمین کو نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے جبکہ چودہ نے واک آؤٹ کیا۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ زیاد ہتر مسلمان ملازمین کام پر لوٹ آئیں تاہم ہم ان کے عقیدے کا احترام کرتے ہیں، ہم ان کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں اور اس کام کی بھی جو انہوں نے کمپنی کیلئے کیا ہے‘‘۔