اسلام آباد(نیوز ڈیسک)برطانوی ملکہ الزبتھ کے نمائندے لارڈ لیفٹیننٹ پال سباپتھی کو پاکستانی کمیونٹی کیخلاف ای میل لیک ہونے پر مستعفی ہونا پڑ گیا۔ملکہ برطانیہ کے ویسٹ مڈ لینڈ میں نمائندے نے پاکستان سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ای میل میں لکھا کہ پاکستانی کمیونٹی کو عام تہذیب اور حسن اخلاق سکھانا پڑے گا۔بھارت سے تعلق رکھنے والے سباپتھی کی ای میل لیک ہونے کے بعد پاکستانی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا ای میل میں پاکستانی کمیونٹی کو اپنے آبائی وطن سے محبت کو ختم کرنے پر زور دیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ وہ برطانوی ہیں پاکستانی نہیں۔سباپتھی کے متنازع بیان کے بعد برطانوی شاہی آفس سے ان کو مستعفی ہو جانے کے متعلق آگاہ کیا گیا جس کے بعد سباپتھی نے اپنے بیان پر پاکستانی کمیونٹی سے معذرت کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔واضح رہے کہ سباپتھی ملکہ برطانیہ کے پہلے غیرملکی نمائندے تھے اور وہ 2007 ءسے اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔