کراچی(نیوزڈیسک)مودی کے بیانات ، پاکستان کے جوابی اقدامات پر بھارت کو اربوں کے نقصان کا خدشہ،پاکستان نے بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قراردینے سے انکار کرنے کے ساتھ ساتھ تاجکستان کو افغانستان کے راستے بھارت تک رسائی دینے سے بھی انکارکردیا، جس کی وجہ سے بھارت کو اربوں کے تجارتی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی اور دیگربھارتی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد بھارت کو تجارت کے لئے پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات چاہتا ہے لیکن بھارتی وزیراعظم مودی اور وزراءکے اشتعال انگیز بیانات کے بعد بھارت کو تجارت کے لئے پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو بھی اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے جبکہ پاکستان نے تاجکستان کو افغانستان کے راستے بھارت تک رسائی سے بھی انکار کر دیا ہے۔