لندن (نیوزڈیسک) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پیر کے روز کہا کہ اسلامک اسٹیٹ یا دولت اسلامیہ برطانیہ پر نپے تلے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔افریقی ملک تیونس میں ایک ساحلی تعطیلاتی مقام پر گزشتہ جمعے کے روز ایک مسلح عسکریت پسند کی طرف سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ میں جو درجنوں غیر ملکی سیاح مارے گئے تھے، ان میں 30 کے قریب برطانوی باشندے بھی شامل تھے۔ تیونس میں اتنی بڑی تعداد میں برطانوی باشندوں کی دہشت گردانہ حملے میں ہلاکت 2005ء میں لندن کے زیر زمین ریلوے نظام پر کیے گئے دہشت گردانہ بم حملوں کے بعد سے برطانیہ کے لیے اب تک کا سب سے خونریز واقعہ تھا۔اس تناظر میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ اسلامک اسٹیٹ ایک دہشت گرد تنظیم کے طور پر مغربی دنیا کے وجود کے لیے اس وجہ سے ایک بڑا خطرہ ہے کہ ’ایک عظیم مذہب (اسلام) کے نام پر جو قابل مذمت کارروائیاں وہ کر رہی ہے، وہ بہت سے نوجوان ذہنوں کو اس طرح متاثر کر رہی ہیں کہ ان ذہنوں میں زہر بھرتا جا رہا ہے‘۔
ڈیوڈ کیمرون نے کہا، ”شام اور عراق میں ایسے شدت پسند عناصر موجود ہیں، جو برطانیہ اور دیگر ملکوں میں خوفناک دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ جب تک ان دونوں ملکوں (شام اور عراق) میں آئی ایس کے عسکریت پسند موجود ہیں، ہم مسلسل خطرے میں ہیں۔“ایک امریکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے اس وقت اپنے ہاں بین الاقوامی دہشت گردی کے خطرے کے خلاف تنبیہ کے جس درجے کا اعلان کر رکھا ہے، وہ حکومتی تنبیہ کا دوسرا اعلیٰ ترین درجہ ہے۔ انسداد دہشت گردی کے برطانوی محکمے کے مطابق ’شدید نوعیت‘ کے خطرے کی اس وارننگ کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کی طرف سے کسی بھی وقت کوئی مسلح حملہ ’عین ممکن‘ ہے۔اسی دوران برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے تیونس میں گزشتہ جمعے کے روز کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد برطانیہ میں گزشتہ ایک عشرے کے دوران کی جانے والی انسداد دہشت گردی کی سب سے بڑی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔زیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج ہی برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں اس طرف اشارہ کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ برطانوی پولیس ملک میں انتہا پسندانہ نظریات کے حامل مسلمانوں کے خلاف سخت تر رویہ اپنائے تاکہ ایسے ’ناقابل قبول نظریات‘ کو فیصلہ کن انداز میں چیلنج کیا جا سکے۔
اسلامک اسٹیٹ برطانیہ پر خوفناک حملوں کے منصوبے بنارہی ہے ،کیمرون
29
جون 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں