برلن(نیوزڈیسک)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ یونان کے ساتھ مزید مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے آج برلن میں اپنی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سمجھوتوں کی اہلیت ختم ہو گئی تو یورپ ہار جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یورو ناکام ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یورپ ناکام ہو گیا۔ یورپ کی سب سے زیادہ طاقتور اس سیاستدان کا مزید کہنا تھا کہ یونان کے ریفرنڈم کے بعد بھی ایتھنز کی طرف سے مذاکرات کی دعوت کو مسترد نہیں کیا جائے گا۔ بین الاقوامی بیل آؤٹ پیکج کی شرائط تسلیم کرنے یا اس سے انکار کے لیے یونان میں اتوار کو ایک ریفرنڈم کرایا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں میرکل کا کہنا تھا کہ کسی کو اس ریفرنڈم کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے بلکہ یونانی عوام کو خود اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے۔ اگر یونانی عوام اس ریفرنڈم میں بیل آؤٹ پیکج کی شرائط تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں تو یونان ممکنہ طور پر دیوالیہ ہوتے ہوئے یورون زون سے خارج ہو سکتا ہے۔