اسلام آباد (نیوزڈیسک) نیوزی لینڈ میں تعینات بھارت کے سفارت کار روی تھاپر کی اہلیہ کی جانب سے اسٹاف ممبر کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ سامنے آنے اور اس کے بعد سفارت کار کو واپس طلب کیے جانے کے واقعے کے بعد مختلف ملکوں میں تعینات 27 بھارتی سفارت کاروں پر کرپشن، ہراساں کرنے اور فرائض میں کوتاہی سمیت مختلف نوعیت کے الزامات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے اس صورتحال کو پریشان کن قرار دیا ہے کیونکہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی سفارت کاروں پر مختلف ملکوں میں الزامات عائد کیے جانے کا سلسلہ بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 27 میں سے پانچ سفارت کار برطانیہ، پانچ مڈغاسکر، تین قازقستان اور کینیا، دو بوٹسوانا اور دو مالی، ایک افغانستان، آسٹریا، جاپان، اٹلی، مراکش، ہالینڈ اور تھائی لینڈ میں تعینات ہے۔ وزارت خار جہ کی جانب سے تشکیل دی جانے والی ایک کمیٹی ان سفارت کاروں پر عائد کیے جانے والے مختلف الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔