غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ‘ایئر ڈیفنس اسٹیڈیم’ میں ’’زمالیک‘‘ اور ’’اینپی‘‘ نامی دو مقامی فٹ بال کلبس کے درمیان میچ ہونا تھا، میچ کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کے باہر موجود تھی، صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب ’’زمالیک‘‘ کے مداحوں نے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی، جنہیں روکنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ جس کے بعد تماشائیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ قاہرہ کے سرکاری حکام نے واقعے میں 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ درجنوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعے کے بعد حکام نے ملک بھر میں تمام فٹ بال لیگ میچوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ ’’زمالیک‘‘ کے شائقین کے گروپ ’وائٹ نائٹس‘ کے سرکردہ رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2012 میں مصر کے ایک اور شہر پورٹ سعید میں فٹبال کے ایک میچ کے بعد ہونے والی ہنگامے میں 70 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔