نارووال (نیوز ڈیسک) ویتنام کی لڑکی نے پاکستان آکر نارووال کے کالج ٹیچر سے شادی کرلی، ویتنامی لڑکی نے ایک ہفتہ قبل نارووال پہنچ کر اسلام قبول کیا، اسلام قبول کرنے کے بعد نیا نام آمنہ رکھا۔ آمنہ ویتنام میں سکول ٹیچر تھی، دو سال قبل آمنہ اور پاکستانی نوجوان محمد طاہر نے برج خلیفہ میں نوکری کیلئے درخواستیں دی تھیں، نوکری حاصل کرنے کے مراحل میں دونوں کی آپس میں دوستی ہوگئی، آمنہ اور طاہر دو سال تک انٹرنیٹ پر ایک دوسرے سے بات چیت کرتے رہے اور یوں آمنہ اور طاہر کی دوستی محبت میں بدل گئی اور ایک ہفتہ قبل ویتنامی لڑکی پاکستان چلی آئی۔
بتایا گیا ہے کہ نارووال سے تعلق رکھنے والا ماسٹر ڈگری ہولڈر نوجوان محمد طاہر پرائیوٹ کالج میں لیکچرار ہے، ویتنامی لڑکی نے پاکستان آتے ہی پہلے مذہب اسلام قبول کیا، جس کے بعد آمنہ اور محمد طاہر کا نکاح جامع مسجد حنفیہ قاسمیہ میں ہوا جب کہ شادی کی تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد کی گئی ہے۔