نیویارک(این این آئی) لاک ڈائون کی وجہ سے دنیا میں ان گنت جوڑوں کی شادیاں منسوخ ہوئیں اور بے شمار نے شادی منسوخ کرنے کی بجائے سادگی سے کرنے کو ترجیح دی۔ اس امریکی دلہن نے بھی اپنی شادی سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پھر ایسا کام کر ڈالا کہ انٹرنیٹ پر ہلچل مچ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق ایملی مناشی نامی اس دلہن کا تعلق امریکی ریاست کیلفورنیا سے ہے۔ اس کی شادی اپنے
منگیتر پیرس کیچی کے ساتھ طے تھی لیکن پھر لاک ڈائون ہو گیا۔ایملی اور پیرس نے شادی منسوخ کرنے کی بجائے سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس پر ایملی نے یہ کام کیا کہ جن مہمانوں کو اس نے شادی میں شرکت کے دعوت نامے بھیج رکھے تھے ان کی تصاویر حاصل کرکے چرچ میں تمام نشستوں پر یہ تصاویر چسپاں کر دیں کہ مہمان تو آ نہیں سکتے تھے، چلیں ان کی تصاویر ہی سہی۔ ایملی اپنے والد کے ساتھ چرچ میں آئی جہاں دولہا اس کا منتظر تھا اور پادری نے ان کی شادی کروا دی۔ ایملی نے چرچ کے ہال کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں لوگوں کی تصاویر نشستوں کی پشت پر چسپاں ہوتی ہیں۔ ایملی کا کہنا تھا کہ ’’میں چاہتی تھی کہ میرے تمام رشتہ دار اور دوست احباب شادی کی تقریب میں شریک ہوں اور ہماری زندگی کی نئی شروعات میں ان کی دعائیں شامل ہوں لیکن لاک ڈائون کی وجہ سے یہ ممکن نہیں رہا تھا، جس پر میں نے مہمانوں کی تصاویر لگانے کا فیصلہ کیا تاکہ ہمیں ان کی موجودگی کا احساس رہے۔ ‘‘ انٹرنیٹ صارفین ایملی کے اس اقدام کی تعریف کر رہے ہیں اور اس کے لیے نیک تمنآں کا اظہار کر رہے ہیں۔