کراچی(این این آئی)دنیا میں سب سے پہلے سال2020 کا سورج جزیرہ ساموا میں نمودارہوا۔نیوزی لینڈ کے ہمسائے میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ سامواجہاں سب سے پہلے نیادن نکلتا ہے اور سورج کو خوش آمدید کہتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ساموا ایک ایسا جزیرہ ہے جہاں
چاندسب سے پہلے منہ چھپاتاہے اور سورج سب سے پہلے اپنی کرنیں بکھیرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ساموا پہلے آئی ڈی ایل ڈبلیو یعنی انٹرنیشنل ڈیٹ لائن ویسٹ کا آخری ملک ہوا کرتا تھا لیکن 29دسمبر 2011 کو اس نے آئی ڈی ایل ڈبلیو سے علیحدگی حاصل کرلی اور اپنی گھڑیاں براعظم امریکا سے ہٹا کر براعظم آسٹریلیاکے ساتھ ملا لیں۔لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ ساموا آئی لینڈ کے ایک حصے نے اپنا وقت تبدیل نہیں کیا اور امریکن ساموا کہلاتا ہے، ساموا آئی لینڈ اور امریکن ساموا میں صرف 73کلومیٹر کا فاصلہ ہے لیکن دونوں ملکوں میں وقت کا فرق چند منٹ کانہیں، پورے 25گھنٹے کا ہے۔اس طرح ساموا ایک ایسا ملک ہے جہاں سب سے پہلے نئے سال کا سورج طلوع ہوا، امریکن ساموا جو اس سے صرف 73کلومیٹر دور ہے وہاں ایک دن بعد سورج طلوع ہوا۔اس کے بعد جزیرہ ٹونگا اور کیریباتی ہیں، جہاں نئے سال کا سورج ابھرا، پھر نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ اور اگلی باری آسٹریلیا کے شہر سڈنی کی آئی ۔