ہنوئی(این این آئی) جنگلی حیات کے ماہرین نے ویتنام کے گھنے جنگل سے ایک ایسا جانور ایک بار پھر دریافت کیا ہے جس کا جسم ہرن کی مانند اور منہ کسی چوہے جیسا ہے۔ اسی لیے انگریزی میں اس کا نام ماس ڈیئر ہے جبکہ اردو میں اسے چوہا ہرن کہا جاسکتا ہے۔یڈیرپورٹس کے مطابق یہ ویتنامی دارالحکومت، ہو چی من سٹی کے شمال مشرق میں 450 کلومیٹر دوری پر واقع ایک جنگل کا باسی ہے جہاں سے پہلے پہل یہ بیسویں صدی کی ابتدا میں دریافت ہوا۔دلچسپی کی بات ہے کہ اس کا تعلق نہ تو چوہوں کی کسی قسم سے ہے
اور نہ ہی یہ کسی قسم کا ہرن ہے بلکہ یہ ان سب سے الگ تھگ ایک نوع ہے جسے اس دنیا کا سب سے چھوٹا کھر دار جانور بھی قرار دیا جاتا ہے۔ یہ صرف ڈھائی کلو تک وزنی ہوتا ہے۔اسے آخری مرتبہ 1990 میں اسی جنگل میں دیکھا گیا تھا لیکن پھر یہ کبھی دکھائی نہیں دیا۔ اگرچہ اس کا نام ان 25 جانوروں میں شامل ہے جو بظاہر معدوم ہوچکے ہیں مگر ان کے زندہ ہونے کی امید پر تلاش بھی مسلسل جاری ہے، لیکن 30 سال کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ جب ویتنام ہی کے سائنسدانوں نے اس جانور کی زندہ حالت میں تصاویر لی ہیں۔