گھانا (مانیٹرنگ ڈیسک) گھانا میں جنازوں پر پیشہ ور رونے والوں کو بلوایا جاتا ہے۔ اس رونے دھونے کو دیکھتے ہوئے لوگ اس بات کی تعریف کرتے ہیں کہ مرنے والے سے اہلِ خانہ کو کتنی محبت تھی اور اسی بنا پر اب رقم دے کر جعلی آنسو بہانے والوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ گھانا میں جنازوں پر آہ و بکا اور آنسو بہانا ایک باقاعدہ کاروبار بن چکا ہے۔ گھانا کی ایک خاتون ایمی ڈوکلی کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ اپنے عزیزوں اور پیاروں پر کوشش کے باوجود آنسو نہیں بہاسکتے
اسی لیے وہ ہم پر انحصار کرتے ہیں۔ ڈوکلی خود بھی بیوہ ہیں اور انہوں نے رونے کےلیے بیواؤں کا ایک گروپ بنارکھا ہے۔ لیکن ہر جگہ رونا آسان بھی نہیں ہے اور اسی لیے وہ آنسو بہانے کا معاوضہ لیتی ہیں، اگر جنازہ بڑا ہوتو وہاں رونے کے پیسے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ جنازوں پر زیادہ سے زیادہ رونے والے بلوائے جاتے ہیں اور دیگر رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں۔ اسی لیے افریقا کے کئی ممالک پر جنازوں پر بہت رقم خرچ ہوتی ہے جو 15 سے 20 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔