چنئی (این این آئی) بھارتی ریاست چنئی میں ایک سات سالہ بچے کے منہ سے 500 سے زائد دانتوں کو نکال لیا گیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق دائیں جبڑے میں سوجن کی شکایت پر جب اس بچے کو چنئی کے شویتا ڈینٹل اینڈ ہاسپٹل میں لے جایا گیا تو ڈاکٹر معائنے کے بعد دنگ رہ گئے۔ہسپتال کی ڈاکٹر پربتھا رامانی کے مطابق ہم نے کبھی کسی انسان کے منہ میں اتنے زیادہ دانت نہیں دیکھے۔اس بچے کا ایکسرے اور
سی ٹی اسکین کرایا گیا جس سے منہ کے اندر ایک تھیلی جیسے اسٹرکچر کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس میں 526 دانت تھے۔اس رسولی جیسی تھیلی کے نتیجے میں بچے کے داڑھوں کی نشوونما رک گئی تھی اور سیکڑوں دانت اس تھیلی جیسے اسٹرکچر میں نمودار ہوگئے تھے۔ڈاکٹروں نے اس انوکھے مرض کے لیے سرجری کی تجویز کی جو والدین نے بھی مان لی مگر بچے کو قائل کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اس بیماری کو ابتدائی مرحلے میں ہی پکڑلیا گیا تھا اور 5 گھنٹے کی محنت کے بعد 526 دانتوں کو اس تھیلی سے نکال دیا گیا۔ان دانتوں کا حجم بھی مختلف تھا جو کہ 0.1 ملی میٹر سے 15 ملی میٹر تھا، اب اس بچے کے منہ میں 21 دانت ہیں۔خیال رہے کہ اس عمر کے بچوں کے منہ میں اکثر 20 جبکہ بالغ افراد کے منہ میں 32 دانت ہوتے ہیں۔اس بیماری کی وجہ تو تاحال معلوم نہیں ہوسکی مگر ڈاکٹروں کے خیال میں یہ جینیاتی عارضہ ہوسکتا ہے جبکہ محققین یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ موبائل فون ٹاور کی ریڈی ایشن بھی تو اس کے پیچھے نہیں۔جہاں تک بچے کی بات ہے تو وہ صحت یاب ہوگیا ہے اور اب اسے 16 سال کی عمر کے بعد داڑھوں کی پیوندکاری کی ضرورت پڑے گی۔