ریاض(این این آئی)گلاب کے پھولوں، ان کی عرق اور ان سے کشید کئے جانے والے عطریات کے شوق نے ایک سعودی شہری کو اس کی ملازمت سیدور اور پسندیدہ مشغلے سے منسلک کردیا۔ گلاب اور عطر گلاب کے شوق نے راشد القرشی کی شہرت کو چار چاند لگا دیے۔
اور آج اس کے چرچے سمندر پار بھی کیے جا رہے ہیں۔راشد القرشی نے عرق گلاب اور گلاب کے عطر کے لیے ہزاروں ریال کی ملازمت ترک کی تاکہ وہ پورا وقت اپنے پسندیدہ مشغلے کودے سکے۔ یہ مشغلہ اسے اس کے آبائو اجداد سے ورثے میں ملا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق طائف گورنری کے راشد القرشی نے بتایا کہ اس نے گلاب کے 15 ہزار پھول اکھٹے کیے اور انہیں تانبے کے برتنوں میں ڈال دیا تاکہ ان سے شاہی عطر یعنی گلاب کا عطر کشید کیا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں راشد القرشی نے بتایا کہ وہ عطر گلاب سے تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک حتیٰ کہ ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کو بھی سپلائی کرتے ہیں۔ ان کے تیار کردہ عطریات اور گلاب کی دیگر مصنوعات کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔راشد القرشی نے بتایا کہ وہ نہ صرف گلاب سے عرق اور عطر کشید کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو یہ فن سکھاتے، انہیں مفید مشورے دیتے اور گلاب سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری کی مکمل رہ نمائی کرتے ہیں۔ حج اور عمرہ کے سیزن میں حجاج ومعتمرین حضرات ان کے تیار کردہ عطریات اور دیگر مصنوعات کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔