بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)چین کی رہائشی خاتون موبائل فون پر ہر وقت گیم کھیلنے کی عادت کے سبب اپنی انگلیاں مفلوج کروا بیٹھیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے شہر چانگشا کی رہائشی خاتون کو موبائل فون پر ہر وقت گیم کھیلنے کی عادت لے ڈوبی ، خاتون نے اپنی ایک ہفتے کی تعطیلات کو بھی گیم کھیلتے گزارا اور ہاتھ میں درد ہونے کے باوجود موبائل کا استعمال ترک نہ کیا جس کے سبب ان کی انگلیاں مفلوج ہوگئیں۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون فون صرف اس وقت رکھتی تھیں جب انہیں سونا ہوتا تھا۔ انگلیوں میں درد کی
شدت بڑھنے کے بعد خاتون کو اسپتال جانے کا خیال آیا تو ڈاکٹر نے ان کو فالج کی ایک قسم کی تشخیص کی۔ ڈاکٹر نے ان کا علاج شروع کیا اور امید ہے کہ وہ جلد ہی دوبارہ اپنی انگلیاں ہلا پائیں گی، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون کو آگاہ کردیا ہے کہ موبائل فون کا استعمال زیادہ نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ اسمارٹ فون مسلسل استعمال سے اعضا کے مفلوج ہونے کا یہ اپنی نوعیت کا انوکھا کیس سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس ایک خاتون کا معاملہ سامنے آیا تھا جو فون پر گیم کھیلنے کے سبب ایک آنکھ سے جزوی طور پر نابینا ہوگئی تھیں۔