اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خطہ عرب زیادہ تر صحرا پر مشتمل ہے جہاں پانی نایاب اور فصلوں کی کاشت کا تصور کرنا ہی محال ہے تاہم اب چینی سائنسدانوں نے دبئی کے صحرامیں کامیاب تجربہ کر کے ایسا کارنامہ سر انجام دے دیا ہے کہ دنیا ورطہ حیرت میں ڈوب گئی ہے۔ چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دبئی شہر کے نواح میں چینی سائنسدانوں نے چاول کی ایسی قسم اگانے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے جو سمندری پانی پر اگائی جا سکتی ہے۔اس تجربے میں کئی ہیکٹرز پر مشتمل چاول کی فصل پک کر تیار ہو گئی ہے اور اس کی کٹائی
بھی کی جا چکی ہے اور اب بہت جلد سمندری پانی پر اگائے گئے یہ چاول دبئی کے باسیوں کی کھانے کی میزوں پر ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کی ٹیم نے یوآن لونگ پنگ کی قیادت میں یہ کارنامہ سرانجام دیا جنہیں چین میں ’ہائبرڈ چاولوں کا باپ‘کہا جاتا ہے۔ انہوں نے رواں سال جنوری میں یہ فصل کاشت کی تھی جس کی پیداوار حیران کن رہی ۔ اب اس تجربے کی کامیابی کے بعد اس رقبے میں مزید توسیع کی جائے گی۔ بتایا گیا کہ اس منصوبے کو پھیلاتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے کل رقبے کے 10فیصد پر فصل کاشت کی جائے گی۔