مانچسٹر (این این آئی)دن کی روشنی میں گھومنے سے صرف جسمانی صحت کو فائدہ نہیں ہوتا بلکہ دماغی افعال بھی بہتر ہوتے ہیں۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔مانچسٹر یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن کی روشنی میں زیادہ دیر تک رہنے سے دماغ کے متعدد حصوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے جس میں سورج کی روشنی سے دماغی افعال پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔تحقیق میں شامل 58 افراد میں سورج کی روشنی میں رہنے سے دن کی غنودگی یا سستی پر قابو پانے میں مدد ملی۔ان افراد کی کلائیوں میں ایسے ٹریکرز پہنائے گئے تھے جن سے ماہرین کو جاننے میں مدد ملی کہ دن کی روشنی سے جسم کی اندرونی گھڑی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اسی طرح توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت مستحکم ہوئی اور تیز روشنی میں ردعمل کی صلاحیت 7 سے 10 فیصد تک تیز ہوگئی۔تحقیق میں صبح جلد جاگنے والے افراد اور رات گئے بستر پر جانے والے افراد کا موازنہ کیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جلد سونے اور جاگنے والے افراد صبح کی روشنی میں ذہنی طور پر زیادہ بیدار ہوتے ہیں اور شام میں غنودگی محسوس کرنے لگتے ہیں۔محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ حقیقی دنیا میں دن کی روشنی میں وقت گزارنے سے دماغی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فوائد ان افراد کو ہوتے ہیں جو جلد سونے اور جاگنے کے عادی ہوتے ہیں اور سورج کی روشنی میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ دماغی کارکردگی میں بہتری سے صحت اور دفتری کارکردگی بھی بہتر ہوسکتی ہے۔محققین کے مطابق ایسا دن بھر میں کسی بھی وقت سورج کی روشنی میں گھومنے سے ہوتا ہے اور کوئی مخصوص وقت نہیں۔ان کے خیال میں ایسا آنکھوں کی پشت پر موجود روشنی سے متعلق حساس ٹشوز متحرک ہونے سے ہوتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل کمیونیکیشنز سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔















































