لاہور(این این آئی) محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب نے اسِسٹو ڈیوائسز اینڈ وہیل چیئر موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل ویژن کے تحت افراد باہم معذوری کے لیے موبائل ایپلی کیشن سہولت اب ایک کلک پر!وہیل چیئر سمیت معاون آلات اب گھر کی دہلیز پر دستیاب ہوں گے۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی ہدایت پر ایپ کا اجراء کر دیا جس سے معاون آلات کی فراہمی میں آسانی ممکن ہوگی۔ایپ کے ذریعے افراد باہم معذوری گھر بیٹھے وہیل چیئر و دیگر آلات کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
افراد باہم معذوری https://play.google.com/store/apps/details?id=com.adwc&hl=en پر کلک کرکے ایپ اپنے فونز میں انسٹال کر سکتے ہیں۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے افراد باہم معذوری کو بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے، پنجاب حکومت افراد باہم معذوری کو سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔افراد باہم معذوری گوگل پلے اسٹور سے موبائل ایپ ڈائون لوڈ کرکے انسٹال کر سکتے ہیں، فیلڈ افسران بھی ایپ کے ذریعے درخواستوں کی رجسٹریشن و مانیٹرنگ کر سکیں گے۔محکمہ سوشل ویلفیئر نے فیلڈ افسران کو ایپ ڈائون لوڈ کرنے اور عوام کو آگاہی دینے کی ہدایت کر دی۔



































