کراچی (این این آئی) پاکستان میں پہلی بار جدید ایکسرے مشین تیار کرلی گئی ، عالمی مارکیٹ میں اس مشین کی قیمت 20سے 25ملین روپے ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے میڈیکل سائنس کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا، ملک میں پہلی بار جدید ایکسرے مشین تیار کر لی گئی ہے۔
چین کے اشتراک سے تیار کی گئی مشین کو “I Care 50X کا نام دیا گیا ہے، جس کے تمام پرزے مقامی مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوں گے۔یہ مشین ہیلتھ ایشیا ایکسپو 2025 میں توجہ کا مرکز بنی رہی، جہاں شرکا کو اس کی خصوصیات اور افادیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔عالمی مارکیٹ میں مشین کی قیمت 20سے 25ملین روپے ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی تیاری پر صرف 3سے 4ملین روپے لاگت آئی ہے۔ماہرین نے کے مطابق “I Care 50X ایکسرے مشین جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو صرف 10سیکنڈ میں ایکسرے کی فوٹیج فراہم کرتی ہے، جبکہ اس کی ریڈیالوجی شعاعوں کی شدت بھی کم ہے، جس سے مریضوں کو محفوظ تشخیص ممکن ہوتی ہے۔یہ منصوبہ 2020ء میں شروع کیا گیا تھا، اور تقریبا پانچ سال کی محنت کے بعد اس کامیابی کو حاصل کیا گیا۔ملک کے مختلف ہسپتالوں میں اس مشین کا استعمال شروع ہو چکا ہے، جو پاکستان کی میڈیکل انڈسٹری کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔















































