اسلام آباد(آن لائن+ این این آئی)کورونا وائرس کے باعث ڈیڑھ سال سے بند پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) کی آؤٹ پیشنٹ ڈور(او پی ڈی) کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔پہلے مرحلے میں6ڈیپارٹمنٹ بروز جمعہ کھول دئیے جائیں گے۔اس
حوالے سے باقاعدہ طورپر ڈاکٹر او پی ڈی روسٹر بھی تربیت دے دیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا کی پہلی لہر آنے کے بعد پمز کی او پی ڈی کو بند کردیاگیاتھا اور اس دوران او پی ڈی بلڈنگ کی تزئین وآرائش کا کام بھی شروع کردیاگیا جسکے باعث دوسری لہر اور تیسری لہر میں مسلسل او پی ڈی بند رہی۔تزئین وآرائش کا کام دوسری لہر میں مکمل ہوگیا تھا تاہم تیسری لہر کی خطرناک صورتحال کے باعث او پی ڈی بند رکھی گئی تھی۔موجودہ صورتحال میں کورونا کیسز کم ہونے اور شرح نمو میں خاطر خوا کمی آنے کے بعد جہاں تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے ہیں اب پمز ہسپتال کی او پی ڈی بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں 6ڈیپارٹمنٹ کھولے جارہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی ڈیپارٹمنٹس کو کھولا جائے گا۔واضح رہے کہ پمز کے چاروں ہسپتالوں ایم سی ایچ،چلڈرن ہسپتال،برن سنٹر اور مین پمز کی آؤٹ ڈور پیشنٹ روزانہ 8ہزار سے زائد ہے جو کہ ڈیڑھ سال سے بند ہونے کے باعث نجی ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا تھا۔