کراچی (این این آئی)سندھ حکومت کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلا سے بچا کے لیے کورونا ایس اوپیز کے تحت 9 سے 16مئی تک نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں تمام سیاحتی تفریحی مقامات عید تعطیلات کے دوران بند رہیں گے اور شہریوں کی نقل وحرکت محدود رہے گی
۔سندھ میں لگائی گئی نئی پابندیوں کے مطابق سندھ بھر میں ریسٹورنٹ کو صرف ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی جبکہ انٹر سٹی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ 16مئی تک بند رہیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں ہفتہ کو کاروبار کھلا رہے گا جبکہ اتوار سے کاروبار بند ہوگا۔سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں عیدالفطر کی چھ چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔صوبہ سندھ میں عیدالفطر کی 10 مئی سے 15 مئی تک چھٹیاں ہوں گی، سندھ حکومت کی جانب سے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ملک میں عیدالفطر کی تعطیلات سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق ملک بھر میں چھٹیاں10مئی سے 15مئی تک ہوں گی۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 10 سے 15مئی تک عیدالفطر کی چھٹیوں کی منظوری دی گئی ہے۔